زندگی کے لیے موزوں سیارے پر پہلی مرتبہ پانی دریافت

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

ماہرین فلکیات نے پہلی بار ایک ایسے سیارے پر پانی تلاش کیا ہے جہاں زندگی ممکن ہو سکتی ہے۔ زندگی کے لیے موزوں سمجھا جانے والا یہ سیارہ خلا میں بہت دور ایک ستارے کے گرد اتنے فاصلے پر گردش کر رہا ہے کہ اس پر زندگی ممکن بنانے والے حالات موجود ہو سکتے ہیں۔

K2-18b نامی یہ سیارہ اس دریافت کے بعد کائنات میں زمین سے باہر زندگی کی تلاش میں ایک اہم امیدوار بن گیا ہے۔

اب اگلا مرحلہ یہ ثابت کرنے کا ہے کہ اس سیارے کی فضا میں ایسی گیسیں موجود ہیں جو وہاں زندگی ممکن بنا پائیں۔ اس کے لیے نئے اور مزید طاقتور ٹیلی سکوپ چاہیے ہوں گے اور ایسا کرنے میں دس سال لگ سکتے ہیں۔

اس دریافت کی تفصیل سائنس کے جریدے ’نیچر ایسٹرانومی‘ میں شائع کی گئی ہے۔

اس مشن کے رہنما سائنسدان یونیورسٹی کالج آف لندن کے پروفیسر گیو وانا ٹینیٹی نے پانی کی اس دریافت کو ’ہوش اڑا دینے والی دریافت‘ قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’پہلی بار ہم نے ایک ایسے سیارے پر پانی کے آثار دیکھے ہیں جو اپنے ستارے سے اتنے فاصلے پر گردش کر رہا ہے کہ وہاں زندگی ممکن ہو سکتی ہے۔‘

یونیورسٹی کالج کی ڈاکٹر انگو والڈمان کے مطابق سیارہ K2-18b زمین سے 111 نوری سال یعنی 650 ملین میل کے فاصلے پر ہے اور وہاں خلائی گاڑی بھیجنا ممکن نہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس صورتحال میں وہاں زندگی کی موجودگی کے بارے میں معلوم کرنے کے لیے ہمیں خلا میں دیکھنے والی ٹیلی سکوپ کے ان نئے ماڈلز کا انتظار کرنا ہو گا جو سنہ 2020 کی دہائی میں تیار ہوں گے۔ ان ٹیلی سکوپ کی مدد سے ہم اس سیارے کے ماحول میں ایسی گیس کی موجودگی کا پتہ چلا سکیں گے جو صرف زندگی کے وجود سے ہیں پیدا ہو سکتی ہیں۔

’ایکسو پلینٹ‘ کیا ہوتا ہے؟

ایسے سیاروں کو انگریزی زبان میں ’ایکسو پلینٹ‘ کہتے ہیں جو ہمارے نظام شمسی سے باہر ہوں۔

پہلا ایکسو پلینٹ سنہ 1992 میں دریافت ہوا تھا۔ مختلف طریقے استعمال کرتے ہوئے انسان اب تک اپنے نظام شمسی سے باہر چار ہزار سیارے دریافت کر چکا ہے۔

ان میں سے بہت سی دنیاؤں کے بارے میں خیال ہے کہ ان کا سائز مشتری یا نیپچیون نامی سیاروں جتنا ہے۔

بہت سے بڑے سائز کے سیارے اپنے ستارے کے بہت قریب گردش کرتے پائے گئے ہیں۔

نیا دریافت ہونے والا سیارہ زمین سے دو گنا بڑا ہے۔ اس کا درجہ حرارت صفر اور 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہے اور وہاں پانی موجود ہو سکتا ہے۔


  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

اترك تعليقاً

This site is protected by wp-copyrightpro.com