نومولود بچہ کھیت میں زندہ دفن، کتے نے بچا لیا۔

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

شمالی تھائی لینڈ میں ایک کتے نے ایک نومولود بچے کی جان اس وقت بچا لی جب بچے کو مبینہ طور پر اس کی نوجوان ماں نے زندہ دفن کر دیا تھا۔

اس بچے کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس کی 15 سالہ ماں نے اپنے والدین سے حمل چھپانے کے لیے ایسا کیا۔

بان نونگ خام گاؤں میں پنگ پونگ نامی کتا کھیت میں ایک مقام پر بھونک رہا تھا اور کھودنے کی کوشش کر رہا تھا۔ کتے کے مالک نے کہا کہ اس وقت انھیں ایک بچے کی ٹانگ نظر آئی۔

مقامی لوگ بچے کو فوراً ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے بچے کو چیک کرنے کے بعد نہلا کر اسے صحت مند قرار دیا ہے۔

پنگ پونگ کے مالک اوسا نسائیخا نے بتایا کہ پنگ پونگ کی ایک ٹانگ کام نہیں کرتی کیونکہ ایک گاڑی اسے مار گئی تھی۔

انھوں نے ایک مقامی اخبار کو بتایا ’میں نے اسے اسی لیے رکھا کیونکہ یہ انتہائی وفادار اور تابعدار ہے۔ میں جب بھی اپنی بھینسوں کی دیکھ بھال کے لیے جاتا ہوں تو یہ میری مدد کرتا ہے۔ اسے پورا گاؤں ہی پسند کرتا ہے۔

ادھر اس بچے کی ماں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ فل الحال یہ 15 سالہ ماں اپنے والدین اور ایک ماہرِ نفسیات کے پاس ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ماں اپنے کیے پر رنج و غم کا اظہار کر رہی ہے۔ اس لڑکی کے والدین نے بچے کو پالنے کی حامی بھری ہے۔


  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

اترك تعليقاً

This site is protected by wp-copyrightpro.com