تھیسلونیکی میں چارانسانی سمگلر گرفتار۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے چیکنگ کے دوران ایوروس کے قریب ایک کار کو روکا تو اس میں موجود افراد کی چیکنگ سے پتہ چلا کہ یہ لوگ غیر قانونی طور پر یونان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔جب ان لوگوں سے مزید پوچھ گچھ کی گئی تو پانچ افراد نے بتایا کہ اگلی سیٹوں پر بیٹھے ہوئے دو افراد ان کو غیر قانونی طریقے سے سرحد پار کروا کر یونان میں داخل کروانے والے ایجنٹ ہیں اور اس کام کے لئے ان کو باقاعدہ ایک ایک ہزار یورو دیا گیا ہے۔جس پر پولیس نے اگلی سیٹوں پر بیٹھے ہوئے دونوں انسانی سمگلروں کو گرفتار کرلیا جن کی عمریں بالترتیب 29 سال اور 40 سال ہیں۔

پولیس کی جانب سے ایک اور کارروائی میں “رودو پی “کے قریب بھی ایک کار کی چیکنگ کے دوران دو انسانی سمگلروں کو چار دوسرے افراد کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔

انسانی سمگلروں سے جب مزید پوچھ گچھ کی گئی تو انہوں نے ایک بہت بڑے نیٹ ورک کا انکشاف کیا جو کہ تھیسلو نیکی اور ایتھنز میں موجود افراد چلا رہے ہیں۔

پولیس کی جانب سے اسمگلروں کی نشاندہی پر مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دوسرے افراد کو بھی گرفتار کیا جاسکے۔

جبکہ گرفتار ہونے والے پناہ گزینوں کو مختلف کیمپوں میں بھیج دیا گیا ہے۔

جواب دیں

This site is protected by wp-copyrightpro.com