برطانیہ کے علاقے ایسکس میں ٹرک سے 39 لاشیں برآمد

برطانیہ کے علاقے ایسکس میں ایک ٹرالر پر موجود کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

برطانوی وقت کے مطابق دن ایک بج کر چالیس منٹ پر ایمبولینس سروس نے پولیس کو لاشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ یہ کنٹینر گریز ایریا کی ایسٹرن ایوینیو پر واٹرگلی انڈسٹریل پارک میں موجود تھا۔

کنٹینر کے ڈرائیور کو قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈرائیور ایک 25 سالہ نوجوان ہے جس کا تعلق شمالی آئرلینڈ سے ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کنٹینر بلغاریہ سے آ رہا تھا اور وہ سنیچر کے روز برطانیہ میں ہولی ہیڈ کے راستے داخل ہوا تھا۔

پولیس کو حاصل ہونے والی ابتدائی معلومات کے مطابق مرنے والوں میں ایک نوعمر لڑکا جبکہ 38 بالغ افراد شامل ہیں۔ پولیس نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ آیا کسی شخص کو زندہ بھی برآمد کیا گیا ہے یا نہیں۔

پولیس نے کہا ہے کہ لاشوں کی شناخت کی جا رہی ہے اور یہ ایک ‘پیچیدہ عمل’ ہو سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ‘ہم نے اس سلسلے میں لاری (ٹرک) ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہ تفتیش کے لیے پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے سوال جواب جاری ہیں۔’

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ ‘اس اندوہناک واقعے پر پریشان ہیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘مجھے اس حوالے سے لگاتار مطلع کیا جا رہے ہے اور ہوم آفس مقامی پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ میری ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنھوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔’

ہوم سیکرٹری پریتی پٹیل نے کہا ہے کہ ‘وہ اس افسوسناک واقعے پر غمزدہ اور صدمے میں کا شکار ہیں۔’ جبکہ ایم پی جیکی ڈوئل پرائس نے اسے ‘دکھ دینے والی خبر’ قرار دیا ہے۔

جواب دیں

This site is protected by wp-copyrightpro.com