سپین :بارسلونا دو پاکستانی گروپوں کے درمیان شدید لڑائی ایک ہلاک کئی زخمی۔

سپین کے شہر بارسلونا کے مضافاتی علاقے بادالونا میں دو پاکستانی گروپوں کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق لڑائی کی اصل وجہ منشیات کا دھندہ بتایا گیا۔

بادالونا میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد رہائش پذیر ہے اس علاقے میں منشیات کے دھندے کو اپنے قبضہ میں رکھنے کے لیے دونوں گروپوں میں تصادم ہو گیا۔

دونوں گروپوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک دوسرے پر چھریوں ، ڈنڈوں اور بلوں  سے وار کیے۔

یہ لڑائی میٹرو میں بھی جاری رہی جہاں کئی جگہوں پر خون کے دھبے دیکھے گئے ۔بارسلونا پولیس موقع پر پہنچ گئی جس کے نتیجے میں12 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

اس لڑائی کی وجہ سے اہل علاقہ میں خوف ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہد راجہ ناصر نے اردو ڈاٹ جی آر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ ڈیوٹی سے واپس گھر آ رہے تھے تو انہوں نے پاکستانی گروپوں کے درمیان تصادم اپنی آنکھوں سے دیکھا  اور بادا لونہ میں پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کے لڑائی جھگڑوں سے اپنے آپ کو دور رکھیں تاکہ سپین اور خاص طور پر بارسلونا میں بسنے والی دوسری قوموں کی نظروں میں کمیونٹی کا امیج خراب نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اختلافات بھلا کر پر امن کمیونٹی کے طور پر بارسلونا ،بادالونا اور پورے اسپین میں رہنا چاہیے۔

جواب دیں

This site is protected by wp-copyrightpro.com