بین الاقوامی پروازوں کی بندش ختم، ایک ہزار مسافر بیرون ملک روانہ

بین الاقوامی پروازوں کی بندش ختم ہونے کے بعد جناح ٹرمینل سے 7 انٹرنیشنل روٹس کی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زائد مسافر بیرون ملک روانہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق 20 جون رات 12 بجے کے بعد سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بین الاقوامی فضائی آپریشن مکمل بحال کردیا گیا جس کے بعد ہفتے کو جناح ٹرمینل سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ دوحا قطر اور دبئی کے لیے 4 پروازیں روانہ ہوئیں جبکہ گلف ائرکی شیڈولڈ 2 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

پی آئی اے سمیت اتحاد اور فلائی دبئی کی ایک ایک پرواز مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہوئی اس طرح مجموعی طور پر جناح ٹرمینل سے جانے والی 7 پروازوں پر ایک ہزار سے زائد مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کی گئیں۔ پروازوں پر کورونا ایس او پی کی مکمل مانیٹرنگ بھی کی گئی اور پروازوں میں مسافروں کے درمیان سماجی دوری پر بھی مکمل عمل درآمد کروایا گیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے فضائی آپریشن کی مکمل بحالی کے احکامات میں تربت اور گوادر ائر پورٹ سے پروازیں آپریٹ نہیں ہوں گی۔ سی اے اے کے نئے نوٹم کے مطابق تربت اور گوادر ائرپورٹ کے سوا ملک بھر کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اندرون و بیرون ملک کا آپریشن بحال کیا جاچکا ہے۔

جواب دیں

This site is protected by wp-copyrightpro.com