کورونا کی ویکسین کے بارے میں اہم انکشاف۔

پیرس: عالمی وبا کورونا وائرس کے علاج اور اس سے بچاؤ کے لئے جہاں سائنسدانوں کی جانب سے دنیا بھر میں ویکسین بنانے کا عمل تیزی سے جاری ہے، وہیں فرانس کی مشہور دوا ساز کمپنی سنوفی بھی ویکسین بنانے کی تیاری کر رہی ہے جس کی منظوری 2021 کی ابتداء میں متوقع ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سنوفی یہ ویکسین برطانوی کمپنی گلیکسو سمتھ کلائین (جی ایس کے) کے ہمراہ مل کر بنا رہی ہے۔

سنوفی اور جی ایس کے کمپنی نے اپریل میں کہا تھا کہ اگر ان کی بنائی ہوئی ویکسین کا تجربہ کامیاب رہا تو وہ سال 2021 کی دوسری ششماہی میں استعمال کے لئے دستیاب ہوگی تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ ویکسین اگلے سال کے شروع میں ہی دستیاب ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت کورونا وائرس کے لیے کوئی ویکسین موجود نہیں ہے اور اس وبا سے اب تک دنیا بھر میں 90 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ چار لاکھ 73 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے خاتمے کے لئے کئی ویکسین تیار کی گئیں مگر کوئی ایک بھی کامیاب نہ ہوسکی۔

سنوفی کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر پول ہڈسن کا کہنا ہے کہ ویکسین بنانے والی کچھ کمپنیاں بہت جلد بازی سے کام لے رہی ہیں اور اس کے تین نقصانات ہیں۔

ان کے بقول ایسی کمپنیاں پہلے سے موجود تحقیق استعمال کر رہی ہیں اور ان میں متعدد تحقیقات وہ ہیں جو سارس کے لئے سرانجام دی گئیں تھی۔ دوسرا نقصان یہ ہے کہ ایسی ویکسین کے مؤثر ہونے کے واضح امکانات نہیں ہیں اور تیسرا یہ کہ اس کی وافر تعداد میں سپلائی کی کوئی گارنٹی نہیں ہوگی۔

تاہم انہوں نے کہا کہ سنوفی جو ویکسین بنائے گی، اس کے کامیاب ہونے کے امکانات زیادہ ہیں

جواب دیں

This site is protected by wp-copyrightpro.com