کورونا وائرس: امریکہ نے اقوامِ متحدہ، کانگریس کو عالمی ادارہ صحت سے دستبرداری کا نوٹس دے دیا

امریکہ نے اقوامِ متحدہ اور کانگریس کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے دستبرداری کا نوٹس دے دیا ہے۔

امریکہ کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہاں کورونا وائرس سے 29 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ مئی میں اس حوالے سے اپنے ارادوں کا واضح طور پر اظہار کر چکے تھے۔

انھوں نے کہا تھا کہ عالمی ادارہ صحت ’چین کے زیرِ اثر‘ ہے۔

یورپی یونین اور دیگر رہنماؤں اور اداروں کی جانب سے اس فیصلے پر نظرِثانی کے مطالبوں کے باوجود انھوں نے کہا کہ وہ اقوامِ متحدہ کے اس ذیلی ادارے سے اپنے ملک کو نکال لیں گے اور اس کو دیے جانے والے فنڈز دوسری جگہوں پر خرچ کریں گے۔

اب انھوں نے کانگریس اور اقوامِ متحدہ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے تاہم اس مرحلے کی تکمیل میں ایک سال تک لگ سکتا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفان ڈوجاریک نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے عالمی ادارہ صحت کی اپنی رکنیت ختم کرنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے جس کا اطلاق 6 جولائی 2021 سے ہوگا۔

کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی میں ڈیموکریٹ رکن سینیٹر رابرٹ مینینڈز نے ٹوئٹر پر لکھا: ’کانگریس کو نوٹیفیکیشن موصول ہوا ہے کہ امریکہ کے صدر نے وبا کے دوران امریکہ کو عالمی ادارہ صحت سے باضابطہ طور پر دستبردار کر لیا ہے۔‘

انھوں نے لکھا کہ ’اس سے امریکی بیمار اور امریکہ تنہا رہ جائے گا۔‘

امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ واشنگٹن نے عالمی ادارہ صحت کو ان اصلاحات کی تفصیل فراہم کی تھی جو امریکہ چاہتا تھا، مگر عالمی ادارہ صحت نے اس پر عمل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

ان عہدیدار نے کہا: ’چونکہ وہ ہماری درخواست پر یہ انتہائی ضروری اصلاحات لانے میں ناکام رہے، اس لیے ہم آج اس تعلق کا خاتمہ کریں گے۔‘

امریکہ عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ فنڈز فراہم کرتا ہے۔ اس نے 2019 میں ادارے کو 40 کروڑ ڈالر (32 کروڑ 40 لاکھ پاؤنڈ) دیے جو ادارے کے کُل بجٹ کا 15 فیصد ہے۔

سنہ 1948 میں منظور کی گئی کانگریس کی ایک قرارداد کے مطابق امریکہ دستبردار ہو سکتا ہے مگر اسے ایک سال کا نوٹس دینا ہوگا اور واجب الادا رقوم ادا کرنی ہوں گی، تاہم یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ صدر ٹرمپ کا اس حوالے سے کیا مؤقف ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفان ڈوجاریک نے ان شرائط کی تکمیل پر زور دیا ہے۔

امریکہ کی دستبرداری سے عالمی ادارہ صحت کی مالی حالت، صحت کے فروغ اور بیماریوں سے نمٹنے کے اس کے کئی منصوبوں کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔

جواب دیں

This site is protected by wp-copyrightpro.com